شاہ جہان یوسف نے 2روز قبل چودھری برادران کو وفاداری نہ بدلنے کا یقین دلایا تھا: صدر ق لیگ خیبر پی کے
لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ خیبر پی کے کے صدر سید قاسم شاہ نے کہا ہے کہ ق لیگ کے ساتھ وزیر مملکت کا حلف اٹھانے اور اپنے والد سردار یوسف کے ساتھ کئی سال تک سیاسی فائدے اٹھانے والے سردار شاہجہاں یوسف نے یہ بات ایک بار پھر ثابت کر دی کہ وعدے، قسمیں، حلف، وفا سب باتیں ہیں۔ سردار شاہجہاں یوسف وزیر مملکت برائے تعلیم و تربیت نے چودھری شجاعت حسین اور نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات میں دو دن قبل مکمل وفاداری کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا تھا کہ ہم کسی صورت اپنی وفاداری تبدیل نہیں کریں گے۔ لیکن اخبارات میں شائع ہونے والی اس خبر کی سیاہی ابھی خشک نہیں ہوئی اور ٹیلی ویژن پر چلنے والے اس بیان کی گونج ابھی باقی تھی کہ انہوں نے اپنی وفاداریاں تبدیل کر دیں۔