حضور ؐکی تعلیمات انسانی زندگی کی مکمل تربیت کرتی ہیں،پیر نقیب الرحمن

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر نقیب الرحمن نے کہا ہے حضور نبی کریم ؐ کے دربارِ اعلی سے ملنے والی اعلی ترین تعلیمات انسانی زندگی کے تمام پہلوؤں کی مکمل تربیت کرتی ہیں۔جب مخلوق کا کوئی حال نہ تھا ہر طرف قتل و غارت کا بازار گرم تھا، بیٹیوں کو زندہ درگور اور ماں کو بیچ دیا جاتا تھا اور لوگ ایک دوسرے کے خون کے پیاسے تھے اِس حالت میں رب ِ رحمان کو اپنی مخلوق پر رحم آیا اورربِ رحمان نے اپنے پیارے حبیب ؐ کو اِس شان سے مبعوث فرمایا کہ قرآن کریم میں فرما یا مخلوق دوزخ میں گرنے کو تیار تباہی کے دہانے پر کھڑی تھی کہ آپ ؐنے اس کا ہاتھ پکڑ کر جنت کی راہ دکھا ڈالی۔ہمارے کریم آقا ؐ عالمین کیلئے رحمت ہیں اور مخلوق کا نہایت بھلا چاہنے والے ہیں۔آ پ ؐ کی لائی ہوئی شریعت ِمطہرہ کا دائرہ رحمت کا حصار ہے جس کے تمام احکامات ہماری اپنی فلاح و بہبود کیلئے ہیں۔7،8،9 جون کوانشا اللہ الرحمن عید گاہ شریف میں حضور نبیِ رحمت ؐکے 126سالہ سالانہ عرسِ مبارک کے موقع پر نہایت عقیدت و احترام اور محبت کے ساتھ عالمی یا رسول اللہ ؐکانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں شرکت کے لئے پوری دنیا سے شمعِ رسالت ؐ کے پروانے اور وابستگانِ عید گاہ شریف جو ق در جوق قافلوں کی صورت میں عید گاہ شریف پہنچنا شروع ہو گئے ہیں،اِن خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران عالمی یا رسول ا للہؐ کانفرنس میں شرکت کے لئے آنے والے معزز مہمانانِ گرامی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کیا۔محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا کی۔