متعدد وارداتیں، ڈیفنس17، نواب ٹاؤن5،ساندہ میں3لاکھ کے ڈاکے
لاہور (نامہ نگار) ڈاکوؤں اور چوروں نے شہرکے مختلف علاقوں میں وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیاہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے ڈیفنس سی میں راحیل یعقوب کے گھرگھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پریرغمال بناکر 17 لاکھ 65 ہزار روپے مالیت، نواب ٹاؤن کے علاقے میں صفدر حسین کے گھر گھس کر گن پوائنٹ پر 5 لاکھ 40 ہزارروپے مالیت، ساندہ میں امتیاز کے گھر سے 3 لاکھ 35 ہزار روپے مالیت، مصطفی آباد میں عثمان کے گھر گھس کر 2 لاکھ 15 ہزار روپے مالیت، مغلپورہ کے علاقے میں حفیظ کے گھر سے ایک لاکھ 60 ہزارروپے مالیت، اچھرہ میں حامد کے گھر سے ایک لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون ا ور دیگر سامان لوٹ لیاہے۔ ڈاکوؤں نے گڑھی شاہو کے علاقے مکہ سٹریٹ میں بنک سے رقم نکلوا کر آنے والے فارما سیوٹیکل کمپنی کے ڈیٹا انفارمیشن آفیسر مزمل حسین سے 10 لاکھ روپے، کوٹ لکھپت میں جنرل ہسپتال کے سامنے چائنیزباشندے چینگیو اور اس کے دوست انس ریاض سے 3 لاکھ 35 ہزار روپے مالیت کی نقدی اور دوموبائل فون، داتا دربار میں کیبل دکان میں گھس کر 2 لاکھ 70 ہزار روپے، لیاقت آبادکے علاقے میں البدر ہسپتال میں گھس کر عملے اور مریضوں سے 2 لاکھ روپے، ہنجروال کے علاقے میںاحتشام سے 50 ہزارروپے، مستی گیٹ کے علاقے میںنصیر سے 12 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا ہے۔ چوروں نے شمالی چھاؤنی، کاہنہ اور اچھرہ کے علاقوں سے تین گاڑیاں جبکہ ریس کورس، نولکھا، اکبری گیٹ، ملت پارک اور نواں کوٹ کے علاقوں سے پانچ موٹر سائیکلیں چوری ہوگئیں۔