جدہ کے پرانے محلے السلامہ کی تعمیر نو 215 غیر قانونی عمارتیں منہدم کر دی
جدہ (اے پی پی) سعودی عرب کے شہر جدہ کی میونسپلٹی نے شہر میں پرانے طرز کے محلے السلامہ میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے 215 عمارتوں کو منہدم کردیا ہے۔سعودی اخبار کے مطابق جدہ میونسپلٹی کے ترجمان محمد البقمی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ غیر منظم طریقے سے بنی یہ عمارتیں حرا سٹریٹ سے متصل تھیں، اب یہاں جدید سہولتوں سے آراستہ محلہ بسایا جائے گا۔جدہ الجدید بلدیہ کے چیئرمین انجینئر باسم الجدعانی نے بتایا کہ بلدیہ اس سے قبل وزارت صحت، وزارت افرادی قوت، وزارت تجارت اور جدہ پولیس کی نمائندہ ٹیم کی مدد سے محلے میں متعدد خلاف ورزیاں نوٹ کی تھیں۔مذکورہ علاقے میں شہریوں نے بلا اجازت جگہ جگہ غیر منظم طریقے سے عمارتیں قائم کی ہیں جن کی تعمیر میں حفاظتی ضوابط کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا تھا اور وہ کسی بھی وقت منہدم ہوسکتی ہیں۔