کچھ پی ایس ایل فرنچائز مالکان اپنی ٹیمیں فروخت کرنے کا سوچ رہے ہیں
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)کچھ پی ایس ایل فرنچائز مالکان اپنی ٹیمیں فروخت کرنے کا سوچ رہے ہیں، شعیب اختر کا دعویٰ ہے کہ کرونا وائرس بحران کے باعث اگلے سال پاکستان سپر لیگ کا انعقاد مشکل ہے، دنیا کی دیگر کرکٹ لیگز بھی متاثر ہوئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور دنیا کے سب سے تیز ترین فاسٹ باولر شعیب اختر کی جانب سے پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے تشویش ناک دعویٰ کیا گیا ہے۔سوشل میڈیا پر آئے روز کوئی نا کوئی بیان داغ کر خبروں کی زینت بنے رہنے والے شعیب اختر کا اس مرتبہ دعویٰ ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے کئی فرنچائز مالکان اپنی ٹیمیں فروخت کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ وہ ایسے مالکان کو جانتے ہیں جو اس سلسلے میں سنجیدگی سے غور و فکر کر رہے ہیں۔شعیب اختر کا دعویٰ ہے کہ اگلے سال بھی پاکستان سپر لیگ کا انعقاد مشکل نظر آتا ہے۔شعیب کا کہنا ہے کہ اگر ستمبر تک کرکٹ کی سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال نہیں ہوتیں، تو یہ کیسے ممکن ہے کہ 4 ماہ بعد پاکستان سپر لیگ کا انعقاد کروایا لیا جائے گا۔ ان کی رائے میں اگلے 16 سے 18 ماہ سے قبل پاکستان سپر لیگ کا انعقاد انہیں ممکن دکھائی نہیں دیتا۔