ماہ رمضان شریف نیکیوں کا موسم بہارہے،مفتی حماداللہ مدنی
کراچی( سٹی نیوز) جمعیت علمائے اسلام سندھ کے ناظم مفتی حماد اللہ مدنی نے خانقاہ مدنیہ جامع مسجد عثمان بن عفانؓ سرجانی میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ رمضان شریف نیکیوں کا موسم بہارہے، اللہ تعالی نے رمضان المبارک میں ایک چھوٹی سی نیکی کا بھی کئی گنا زیادہ اجر و ثواب رکھا ہے ،روزے دار اللہ تعالیٰ اور اسکے محبوب پیغمبر حضرت محمدمصطفیٰ ﷺ کے پسندیدہ ترین بندے ہیں ، جن کے منہ کی بو کو اللہ تعالیٰ بے حد پسند فرماتا ہے۔یہ باتیں انہوں نے خانقاہ مدنیہ جامع مسجد عثمان بن عفانؓ سرجانی میں منعقدہ افطارعام کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔دعوت افطار میں جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنماوممتازعالم دین علامہ احمدعلی مدنی، جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے چیف آرگنائزرمحمدشکیل قاسمی، غلام عباس لنگاہ، راناصابر، فرخ سلطان شمسی، محمدعمران،ملک برادری کے رہنما یونس ملک، صدیق ملک،مفتی فیضان شفیع،شبیر احمدسمیت علمائے کرام، مہتممین مدارس،اساتذہ، جامعہ کے طلباء اور ان کے والدین اور اہلیان علاقہ کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔مفتی حماداللہ مدنی نے کہاکہ افطار کرانے والوں کیلئے اللہ تعالی نے دنیا اورروز قیامت میں انکے نامہ اعمال میں بے انتہا نیکیاں اور اجر و ثواب لکھنے اور فیوض و برکات عطا کرنے کا وعدہ فرمایا ہے ۔ عام دعوت افطار غریبوں اور مستحق افراد کی ایک طرح سے اعانت کرتے ہوئے انہیں دنیا کی نعمتوں سے مستفید کرانے کی وجہ سے دین اسلام میں انتہائی پسندیدہ عمل ہے جبکہ مدارس اور دیگر تنظیموں اور اداروں کی دعوت افطار مسلمانوں میں باہمی اتحاد اور یگانگت کے فروغ کا سبب بنتی ہیں اس لئے مدارس، سیاسی، سماجی اور دیگر نوعیت کے اداروں تنظیمات اور شخصیات کے علاوہ معاشرے کے صاحب حیثیت اور ثروت افراد کو چاہئے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران غریب مستحق اور بے سہارالوگوں کی دل کھول کر مددکریںاور افطار کی دعوتوں اور تقاریب کا زیادہ سے زیادہ اہتمام کریں۔