بدترین مہنگائی آئی ایم ایف کی غلامی کا نتیجہ ہے ، اقبال ہاشمی
کراچی(نیوز رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیف آرگنائزر انجینئر اقبال ہاشمی نے حکومت کی جانب سے ایک مرتبہ پھر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے حکومت نے اپنے پیروں پر خود کلہاڑی مارلی ہے ۔ بدترین مہنگائی آئی ایم ایف کی غلامی کا نتیجہ ہے ۔قرضے حکمران لیں اور بھگتنا عوام کو پڑے، اس پالیسی کو ختم کیا جائے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کئے گئے اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے ۔ دنیا بھر میں مذہبی تہواروں کے موقع پر حکومتیں عوام کو ریلیف فراہم کرتی ہیں مگر ہمارے ملک میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے ۔ حکومت نے قوم کو عید کے موقع پر ظالمانہ تحفہ دے کر رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کو بھی بے برکت بنادیا ہے ۔ عوام پہلے ہی بدترین مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے بجائے مسلسل مہنگائی کے بم گرائے جارہے ہیں جس سے عوام کی معاشی حالت اور حکومت کی بنیادیں کمزور ہورہی ہیں ۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انجینئر اقبال ہاشمی نے کہا کہ حکمرانوں کی یہ کیسی حب الوطنی ہے کہ ملک قرضوں تلے ڈوبا ہوا ہے ،عوام بدترین مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور وزاء صاحبان تنخواہوں کے ساتھ مراعات بھی وصول کررہے ہیں ۔ اصولاً ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ وزیر اعظم صاحب عوام پر مہنگائی کا بم گرانے کے بجائے اپنے وزراء کی مراعات کی قربانی دیتے ۔انہوں نے کہا کہ 31سال بعد5سال میرے اور 5سال تمہارے حکمرانی کرنے والوں سے ملک اور قوم کو چھٹکارہ ملا ہے مگر قوم کو اب بھی مایوسیوں سے نجات نہیں ملی جو کہ لمحہ فکریہ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین اور مظلوموں کے قائد الطاف شکور نے وزیر اعظم عمران خان کو بار بار توجہ دلائی ہے کہ پی ٹی آئی کی ماہر معاشیات کی ٹیم عوام کو مہنگائی سے نہیں نکال سکتی ۔