رمضان مسیحی مسلم اتحاد اور محبت کو فروغ دینے کا مہینہ ہے،ڈاکٹر جوزف ارشد
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہا ہے کہ ہر سال رمضان المبارک ہمارے مُسلم بہن بھائیوں کے لئے نہایت ہی برکتوں ،محبتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہوتا ہے ۔ رمضان المبارک اسلامی تقویم کا نواں مہینہ ہے۔ جس میں تمام مُسلم بہن بھائی روزہ ، ریاضت ، دُعا اور خیراتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے اور بلا امتیاز ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔ ماہِ رمضان کا مہینہ مسیحی مسلم اتحاد اور محبت کو فروغ دینے کا بھی مہینہ ہے۔ جب پورے ملک میں مسیحی قوم اپنے مُسلم بہن بھائیوں کے لئے سحری و افطاری کا اہتمام کرتے ہیں تاکہ ایک دوسرے کی خوشیوں میں شامل ہو کر باہمی محبت، رواداری ، انسانی ہمدردی اور مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارہ کی ثقافت کو فروغ دے سکیں۔ انہوں نے عید الفطر کے پیغام میں کہا کہ ماہِ رمضان ہمارے لئے اَمن و سلامتی ، پیار و محبت ، صبر و برداشت اور مذہبی ہم آہنگی کا پیغام لاتا ہے ۔ میں بطور آرچ بشپ مسیحی قوم اور اپنی طرف سے عید الفطر کے مُبارک اور بابرکت موقع پر اپنے تمام مُسلم بہن بھائیوں ، حکومتی عہدداران، پاک آرمی کے افسران و نوجوان، اعلیٰ عدلیہ و وکلاء برادری، سول سوسائٹی اور ہر خاص و عام کو دِلی مُبارک باد پیش کرتا ہوں۔