ایک جیت کی ضرورت تھی‘ قومی ٹیم نے ردھم حاصل کر لیا: سابق کرکٹرز
لاہور(سپورٹس رپورٹر) عالمی کپ میں انگلینڈ کے خلاف کامیابی سے پاکستان ٹیم نے ردھم حاصل کر لیا ہے اسے ایک اچھی جیت کی ضرورت تھی جو میزبان ٹیم کے خلاف میچ میں مل گئی ہے۔ جیت پر تمام ٹیم کے کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کا اچھا کمبی نیشن ہے جو کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف کھلاڑیوں نے بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ کامیابی کے اس ردھم کو اگلے میچز میں بھی برقرار رکھ کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سینئر کھلاڑیوں کی باولنگ کا فرق پڑا ہے اگر یہاں جونیئر کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہوتے تو شاید انگلینڈ ٹیم آسانی سے میچ جیت جاتی۔ محمد عامر اور وہاب ریاض نے اچھی باولنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ سپن باولنگ میں حفیظ، شعیب ملک اور شاداب خان نے انگلش بلے بازوں کے لیے مشکلات پیدا کیے رکھیں۔ بلے بازوں کو اگلے میچز میں بھی اسی ذمہ داری کے ساتھ بورڈ پر بڑے رنز بنانا ہونگے تاکہ باولرز اس کا دفاع کر سکیں۔ انگلینڈ کے خلاف جیت پر تمام ٹیم اور ٹیم مینجمنٹ مبارکباد کی مستحق ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر اکرم رضا کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کی جیت خوش آئند ہے ورلڈ کپ کے اگلے میچز میں قومی کھلاڑی پورے اعتماد کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ بلے بازوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا جس پر باولنگ کے شعبہ نے بھی اپنا حق ادا کیا۔ ایک جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہو گیا ہے اس جیت کا اب قومی ٹیم کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹ شاہد نذیر کا کہنا تھا کہ میزبان انگلینڈ ٹیم نے اچھا مقابلہ کیا تاہم پاکستان کی باولنگ لائن کی تجربہ کاری کی بنا پر ہدف کے حصول میں کامیاب نہ ہو سکی۔ ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی پر تمام کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں، انگلینڈ کے خلاف میچ میں بھی فیلڈنگ کے شعبہ میں کمزوریاں سامنے آئی ہیں کھلاڑیوں کی جانب سے کیچز ڈراپ کیے گئے جبکہ حریف ٹیم آسانی سے سنگل ڈبل رنز لیتی رہی اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔