عید تعطیلات کے دوران ملک بھر میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی‘ عمر ایوب
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف مہم چلانے کیلئے پرعزم ہے۔ایک بیان میں وفاقی وزیر توانائی عمرایوب نے کہا کہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران ملک بھر میں لوڈشیڈنگ اور لوڈ مینجمنٹ نہیں کی جائے گی۔ ملک بھر میں آٹھ ہزار سات سو نوے فیڈرز میں سے اسی فیصد فیڈرز پرلوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات پر پہلی مرتبہ رمضان المبارک میں سحر اور افطار کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کی گئی۔عمر ایوب نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں بجلی چوری کے خلاف مہم چلانے کے لیے پرعزم ہے۔یاد رہے کہ وزیراعظم نے بھی کابینہ اجلاس میں رمضان المبارک اور عید الفطر میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کی تھی ۔