اسلامی نظام ہی ملک کے مسائل کا واحد اور آخری حل ہے: میاں مقصود
ملتان (نامہ نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر میاں مقصود احمد کی زیر صدارت ایم ایم اے جنوبی پنجاب کا اہم اجلاس منعقد ہو جس میں صوبائی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جاوید اختر سمیت ملتان ‘ بہاولپور‘ ڈیرہ غازیخان ڈویژنوں کے ضلعی صدور‘ سیکرٹریز اور نائب صدور نے شرکت کی اجلاس میں 29 جون 2018 ء کو ملتان کے قلعہ کہنہ قاسم باغ پر ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کی حکمت عملی طے کی گئی اجلاس میں ایم ایم اے کے تمام ضلعی صدور پر مشتمل ایک انتظامی کمیٹی و نگران کمیٹی تشکیل دی گئی اس کے علاوہ 12 سب کمیٹیاں تشکیل دی گئیں میاں مقصود احمد نے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 29 جون کا جلسہ عام جنوبی پنجاب کی تاریخ کا بہت بڑا جلسہ ہو گا آنے والے دنوں میں سیاست کا رخ متعین کرے گا انہوں نے کہا کہ صوبائی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس کل 5 جون 2018 ء کو لاہور میں ہو گا جس میں امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی جائے گی جبکہ صدر متحدہ مجلس عمل پاکستان مولانا فضل الرحمن اسلام آباد میں عوامی اسلامی و انقلابی منشور کا اعلان کریں گے انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کا یہ واضح مؤقف ہے کہ ملک کلمے کے نام پر بنا اسلامی نظام ہی ملک کے مسائل کا واحد اور آخری حل ہے قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں اسلامی فلاحی مملکت کا قیام متحدہ عمل کا مرکز و محور ہے انہوں نے کہا کہ یہ تمام پارٹیاں جنہوں نے اقتدار کے مزے لوٹے یا مزے لوٹنے کے خواب دیکھ رہی ہیں ان کے درمیان محض نورا کشتی ہے۔