کرپشن ناسور کی شکل اختیار کر چکی‘ کرپٹ افراد کا احتساب وقت کی ضرورت ہے: آصف اخوانی
ملتان (نامہ نگارخصوصی) متحدہ مجلس عمل ملتان و امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ ملتان میاں آصف محمود اخوانی نے کہا ہے کہ اللہ کی دھرتی پر اللہ کے نظام کو غالب کرنے کیلئے جدوجہد کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے یہی رمضان المبارک کا پیغام ہے۔29؍جون کو قلعہ کہنہ قاسم باغ پر ہونے والا جلسہ تاریخ ساز ہوگا۔ ملک میں کرپشن ایک ناسور کی شکل اختیار کرچکی ہے جس کا خاتمہ اور کرپٹ لوگوں کا کڑا احتساب وقت کی ضرورت ہے ۔ ہم کتاب کے نشان پر انتخابات میں حصہ لیں گے کسی بھی دینی جماعت کے کسی رہنما کا پانا مہ لیکس یا میگا سیکنڈل میں نام شامل نہیں ۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی صوبائی حلقہ215 کے زیر اہتمام دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت امیر حلقہ چودھری اطہر عزیز نے کی۔ چودھری اطہر عزیز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کے قیام کا مقصد نظام مصطفیﷺ کا نفاذ ہے کارکنان یکسو ہوکر دیانت دار قیادت کو کامیاب کروانے کیلئے کام کریں۔ حماد رشید ضیائی نے کہا کہ قر آن جو پوری انسانیت کیلئے ہدایت رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ ممتاز دانشور عرفان احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روزہ دار اگر تقویٰ اختیار نہیں کرتا تو محض بھوکا پیا سا رہنا اللہ کو مقصود نہیں ۔ اس موقع پر ڈاکٹر عمر فاروق، محمود انصاری، کنور محمد صدیق، رضوان مجید ودیگر نے خطاب کیا۔