اسلام آباد میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹرکا افطار ڈنر
اسلام آباد (پ ر) شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر کی انتظامیہ کی جانب سے ہسپتال کے ڈونرز کے اعزاز میں اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا ۔ چیئرمین شوکت خانم میموریل ٹرسٹ، عمران خان تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر ہسپتال کے ڈونرز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کے چئیر مین عمران خان نے اس موقع پراپنے خطاب میں کہاکہ لاہور میں شوکت خانم ہسپتال اپنی فل کپیسٹی پر کام کر رہا ہے۔ ہسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر، ڈا کٹرمحمد عاصم یوسف نے اس موقع پرمہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں ہسپتال کی کارکردگی، درپیش مسائل اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2018ء کے لئے ہسپتال کا سالانہ بجٹ 11ارب روپے ہے جس کانصف عوام کی زکوۃٰاور عطیات سے جمع کئے جائیں گے۔ عمران خان نے اس موقع پر لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی زکوٰۃ شوکت خانم کینسر ہسپتال کو دیں کیونکہ یہ ادارہ کینسرکے نادار اور غریب مریضوں کے لئے امید کی واحد کرن ہے ان کی اپیل پر افطار ڈنر میں موجود خواتین وحضرات نے ہسپتال کے لیے بڑھ چڑھ کر عطیات دیے اور12کروڑ کے عطیات جمع کیے گئے۔