بیرونی مداخلتوں کی وجہ سے اسلامی ممالک میں انتشار پھیل رہا ہے: طاہر اشرفی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)20 رمضان المبارک سے 30 رمضان المبارک تک ملک بھر میں عشرہ تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ منایا جائے گا ، 8 جون کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ پر خطبات جمعہ ہوں گے ، اسلامی اور عرب ممالک میں بیرونی مداخلتوں کی وجہ سے عالم اسلام میں انتشار پیدا ہو رہا ہے ،یہ بات پاکستان علماء کونسل اسلام آباد کے زیر اہتمام ہونے والی تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مذہبی وسیاسی جماعتوں کے قائدین نے کہی ، صدارت حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی ،اس موقع پر قاضی مطیع اللہ سعیدی ، مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا اسید الرحمن سعید مولانا نائب خان ، مولانا ممتاز ربانی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ مسلمانوں کی وحدت کے مراکز مکۃ المکرمہ ، مدینہ المنورہ اور الاقصیٰ ہیں، مسلمانوں کے مقدسات کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں ، انہوں نے فلسطینی نرس رزان اشرف النجار کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے رزان اشرف النجار کیلئے دختر امت ایوارڈ کا اعلان کیا۔