تحریک انصاف اورعوامی راج پارٹی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے ،جمشید دستی
مظفرگڑھ،خان گڑھ(نمائندہ نوائے وقت ،نامہ نگار) اُمیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ شروع ہوگیا،عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے قومی اسمبلی کے3حلقوں اورصوبائی اسمبلی کے ایک حلقہ سے کاغذات نامزدگی وصول کیے۔تفصیلاے کیمطابق قومی اسمبلی کے6اور صوبائی اسمبلی کے12حلقوں سے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے اُمیدواروں کی جانب سے ریٹرنگ آفیسرز سے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ گزشتہ روز سے شروع ہوگیا ہے۔شہر کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے182سے سب سے پہلے عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے کاغذات نامزدگی وصول کیے۔جمشیددستی نے این اے 182کے علاوہ این اے183اور این اے184اور صوبائی اسمبلی کے پی پی276سے بھی کاغذات نامزدگی وصول کیے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی جمشید دستی کا کہنا تھا کہ عوامی راج پارٹی عام اور نئے لوگوں کو موقع دے رہی ہے،ملک میں تبدیلی آنی چاہیے اور الیکشن شفاف ہونے چاہئیں۔جمشید دستی کا کہنا تھا کہ انھوں نے مطالبہ کیا تھا پہلے سیاستدانوں کااحتساب ہونا چاہیے اور احتساب کے بعد ہی الیکشن ہوں۔تحریک انصاف کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید دستی کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ تحریک انصاف اور عوامی راج پارٹی کیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوجائے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عوامی راج پارٹی کا نشان جھاڑوملک کا گند صاف کرے گی۔پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ کے خواہشمند سابق گورنر پنجاب غلام مصطفی کھر کے بڑے بیٹے سابق صوبائی وزیر ملک عبد الرحمان کھر نے بھی این اے 183سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے۔تحریک انصاف کے رہنماء تجویداقبال ناکی ،پیپلزپارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری مظہرپہوڑاورپیپلزپارٹی (شہیدبھٹو)کے ٹکٹ کے خواہشمندمختیاراحمدچوغطہ نے بھی صوبائی حلقہ پی پی270کے لیے کاغذات نامزدگی وصول کیے ۔ذرائع کیمطابق آج سابق وزیر خارجہ حناربانی کھر ، ان کے والد غلام محمد نورربانی کھراور بھائی غلام رضاربانی کھرقومی اسمبلی کے2,2حلقوں این اے 182اور این اے183کے لیے کاغذات نامزدگی وصول کریں گے۔