چیف کمشنر اسلام آباد سے فروٹ منڈی کا انتظام سنبھالنے کا مطالبہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) فروٹ منڈی کمیشن ایجنٹس ایسوسی ایشن نے چیف کمشنر اسلام آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ فروٹ مارکیٹ کمیٹی کو توڑ کر چیف کمشنرکا دفتر خود مارکیٹ کمیٹی کا انتظام سنبھال لے۔فروٹ کمشن ایجنٹس ایسوسی ایشن کا اجلاس بابو علیم کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں سیکرٹری جنرل طاہر ایوب اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں رمضان المبارک میں منڈی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ممبران نے شکایت کی کہ فجر کے بعد سے فروٹ منڈی کی سڑکیں بند ہوجاتی ہیں۔ فروٹ کمیٹی کے ممبران موقع پر موجود نہیں ہوتے جبکہ ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی غائب ہوجاتے ہیں جس کے باعث ٹرکوں کی رسائی اور ان لوڈنگ بہت بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ منڈی کے باہر افغانوں کی کچی بستی تو ختم ہوگئی تاہم افغان باشندوں کی بھاری تعداد فروٹ منڈی آجاتی ہے۔ یہ گروہ مار پیٹ‘ بھتہ خوری اور لڑائی جھگڑوں میں ملوث ہوتے ہیں اور کام کے اوقات میں طرح طرح کی رکاوٹیں ڈالتے ہیں۔ مقامی تھانہ ان کی سرپرستی کر رہا ہے فروٹ منڈی میں امن و امان‘ چوری‘ ڈکیتی اور بھتہ خوری کے مسائل شدید ہوگئے ہیں۔ مارکیٹ کمیٹی کا عملا کام نہیں کر رہا ہے۔اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ چیف کمشنر اسلام آباد فروٹ منڈی کا صبح کے اوقات میں دورہ کریں اور خود حالات کا جائزہ لیں۔ فروٹ مارکیٹ کمیٹی کو ختم کردیا جائے اور ماضی کی طرح چیف کمشنر آفس فروٹ منڈی کے انتظامات کو سنبھالے۔ سی ڈی اے کو فروٹ منڈی میں روشنی اور صفائی کے انتظامات کرنے کا حکم دیا جائے۔