سمندری راستے پر ان لینڈ واٹر وے ٹرانسپورٹ متعارف کرانے کا فیصلہ
اسلام آباد(آن لائن) وفاقی حکومت نے سمندری راستے کے ذریعے سستی اور ماحول دوست سفری سہولتوں فراہمی کے لیے ان لینڈ واٹر وے ٹرانسپورٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا کو حاصل دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے سستے اور ماحول دوست سفری سہولتوں کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے وفاقی حکومت نے سمندری راستے کے ذریعے سفری سہولتوں سے مستفید ہونے کے لیے باقاعدہ منصوبہ سازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ان لینڈ واٹر وے ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کے لیے ان لینڈ واٹر وے ٹرانسپورٹ ماسٹر پلان بھی بنایا جائے گا اور سمندری راستوں سے ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے سستے ذریعے کے طور پر سامنے لایا جائے گا۔ ان لینڈ واٹر وے ٹرانسپورٹ کے تحت فریٹ آپریشنز بھی کیے جائیں گے جس سے سستے ذرائع سے سامان کی آمد و رفت کی جاسکے گی۔فیری سروس کے ذریعے کراس ریور لنکیج، اربن ٹرانزٹ کوریڈ ور کو ریل اور روڈ ذرائع کو متبادل کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ سمندری راستوںسے سفری سہولتوں کے لیے انوائرمنٹل سیفٹی اور سکیورٹی ریگولیشن بھی ڈیولپ کیے جائیں گے تاکہ ان ذرائع سے بھی ماحول کو کوئی خطرہ نہ ہواور سکیورٹی کے لیے بھی باقاعدہ ضابطہ بنایا جائے گا جبکہ ان لینڈ واٹر وے کے اعدادوشمار کو بھی مرتب کیا جائے گا تاکہ سمندری راستوں سے ہونے والے سفری سہولتوں کی معلومات اکٹھی کی جا سکیں۔