پلاسٹک سے پھیلنے والی آلودگی کے خاتمہ کیلئے مہم میں شر یک ہیں: پاک بحریہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ پلاسٹک سے پھیلنے والی آلودگی کے خاتمہ کیلئے مہم میں پرجوش حصہ لے رہی ہے۔ بحریہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ماحول کی اہمیت کو اُجاگر کرنے ، اس کی حفاظت کے متعلق آگہی کے فروغ اور لاحق خطرات کم کرنے کے طریقوں پر غور و فکر کے لئے ہر سال5جون کو ماحول کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس سال ماحول کے عالمی دن کے لئے ’’پلا سٹک سے پھیلنے والی آلودگی کا خاتمہ‘‘ کے موضوع کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اس سال کا موضوع حکومتوں، صنعتوں، معاشروں اور ہر ایک فرد سے تقاضا کرتا ہے کہ سب متحد ہو کر پلاسٹک کا نعم البدل تلاش کریں اور اس کے بے تحاشا استعمال اور پیداوار کو کم کریں جو ہمارے آس پاس کے ماحول کو پراگندہ کررہے ہیںاور زندگی کے لئے ضرر رساں اور انسانی صحت کے لئے ایک خطرہ ہے۔ کراچی بندر گاہ میںپیدا ہونے والی بحری آلودگی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے کے ناطے پاک بحریہ نے آلودگی میں کمی لانے کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں ۔ ان اقدامات کا دائرہ کار بندرگاہ سے ٹھوس فضلے کو ٹھکانے لگانے سے لے کر سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں کثیر تعداد میں مینگرووز اُگانے اور سرکاری و غیرسر کاری اداروں کو بحری آلودگی کے مضمرات کا ادراک دلانے تک پھیلا ہوا ہے۔