کاشتکار تِل کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے فصل کی بروقت کاشت کو یقینی بنائیں
راولپنڈی (نیوزرپورٹر)محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق تِل صوبہ پنجاب کی تیلدار اجناس میں سرسوں اور رایا کے بعد سب سے زیادہ رقبہ پر کاشت کی جانے والی منافع بخش فصل ہے۔ تل کے بیج میں 50 فیصد سے زیادہ اعلیٰ خصوصیات کا حامل خوردنی تیل اور 22 فیصد اچھی قسم کی پروٹین ہوتی ہے۔ ترجمان کے مطابق کاشتکار تِل کی بہتر پیداوار کے حصول کے لئے فصل کی بروقت کاشت کو یقینی بنائیں۔ تل کی کاشت 15 جون سے 15 جولائی تک کرنی چاہیے۔ اس کی اگیتی کاشت سے بیماریوں اور کیڑوں کا حملہ زیادہ ہونے کا خطرہ ہوتا ہے اور پچھیتی کاشت سے پیداوار کم ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ پچھیتی کاشت گندم کی بجائی میں تاخیر(صفحہ 6بقیہ61 ) کا سبب بنتی ہے۔ اس لئے اس کو موزوں وقت پر کاشت کرنا ضروری ہے۔ کاشتکاروں کو چاہیے کہ تل کی منظور شدہ اقسام کاشت کریں کیونکہ یہ اقسام بہتر پیداواری صلاحیتوں کی حامل ہونے کے ساتھ ساتھ کیڑوں و بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھتی ہیں۔ تل کی منظور شدہ اقسام ٹی ایچ۔6 اور ٹی ایس۔5 ہیں۔ بارانی اور تمام آبپاش علاقوں میں ٹی ایچ۔6 کا وقت کاشت 15 جون تا 30 جون تک ہے جبکہ ٹی ایس۔5 کو 25 جون سے 15 جولائی تک کاشت کریں۔ منتخب قسم کا صحتمند بیج بحساب ڈیڑھ سے دو کلوگرام فی ایکڑ استعمال کریں۔