قائمہ کمیٹی داخلہ نے حق رائے دہی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے عوامی مہم کی سفارش کر دی
اسلام آباد (این این آئی)سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے سفارش کی ہے کہ حق رائے دہی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے عوامی سطح پر مہم چلائی جائے۔ اس سلسلے میں وزارت اطلاعات و نشریات اور پیمرا الیکشن کمشن آف پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں الیکشن کمشن آف پاکستان کی اپنی سرکاری اور قومی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے سلسلے میں کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ووٹ کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں مہم چلائی جائے۔ اس مہم کے دوران عوام کو انتخابات اور ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے اور ان میں ووٹر اور ووٹ ڈالنے کے حق کے بارے میں شعور بیدار کیا جائے۔ اس کے علاوہ عام انتخابات کے دوران دھاندلی کی روک تھام کے بارے میں بھی عوام میں شعور اور آگاہی پیدا کی جائے۔