لکی مروت: دیر سے آنے پر مالک کی فائرنگ، 7 سالہ گھریلو ملازمہ قتل، بہن زخمی
لکی مروت/ سرائے نورنگ (اپنے نمائندوں سے) لکی مروت تھانہ نورنگ کی حدود میں واقع ٹپ تختی خیل کے علاقے میں مالک نے کام پر دیر سے آنے کی وجہ سے سات سالہ گھریلو ملازمہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ فائرنگ سے مقتولہ کی بڑی بہن شدید زخمی ہو گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق ٹپ تختی خیل کی رہائشی سات سالہ ہادیہ ملزم آصف کے ہاں گھریلو ملازمہ تھی۔ وقوعہ کے دن ہادیہ اپنے بڑی بہن سفینہ کے ساتھ کام کے سلسلے میں ملزم آصف کے گھر پہنچی، جس نے کام پر لیٹ آنے کی وجہ سے طیش میں آکر فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے سات سالہ ہادیہ موقع پر جاںبحق جبکہ بڑی بہن سفینہ شدید زخمی ہو گئی۔ زخمی لڑکی کو ٹی ایچ کیو نورنگ منتقل کیا گیا جہاں سے نازک حالت میں پشاور ریفر کردیا گیا،ملزم واقعہ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس نے ملزم آصف اللہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی۔