ارسا کا اجلاس ، صوبوں کے تحفظات دور، پانی کی مقدار بڑھادی
اسلام آباد + ملتان (صباح نیوز+نوائے وقت رپورٹ + خبرنگارخصوصی) انڈس ریور سسٹم اتھارٹی ارساکا اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین کی صدارت میں ہوا جس میں دریائوں میں پانی کے بہائو میں اضافے کے پیش نظر آبی صورتحال کاجائزہ لیاگیا۔ ارسا نے پانی کے صوبائی حصے کاجائزہ لیا ہے اور صوبوں کے تمام تحفظات دورکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ارساکے ترجمان نے کہا ہے کہ پانی کا سب سے زیادہ بہائو دریائے سندھ اور دریائے کابل میں دیکھاگیا ہے۔ نظرثانی شدہ فیصلے کے مطابق پنجاب کا حصہ 69 ہزار400کیوسک سے بڑھا کر 93ہزار 200 کیوسک سندھ کا 60 ہزار کیوسک سے بڑھا کر 85 ہزار کیوسک، بلوچستان کا 8 ہزار کیوسک سے بڑھا کر 14 ہزار کیوسک ا ور خیبرپی کے کا تین ہزارایک سو کیوسک کردیاگیا ہے۔ ارسا نے ڈیموں میں پانی ذخیرہ کرنا بھی شروع کردیا ہے۔ تمام بڑے دریائوں میں پانی کا بہائو تیز ہوگیا ہے جس کی وجہ درجہ حرارت میں اضافہ ہوا۔سکردو میں درجہ حرارت بتیس پر پہنچ گیا جو جون کے پہلے ہفتے ایک ریکارڈ ہے۔ جس کی وجہ سے دریائوں میں پانی کا بہائو بہتر ہوگیا۔ اس وقت دریائوں میں دو لاکھ چالیس ہزار کیوسک پانی کا ریکارڈ بہائو ہو رہا ہے۔ ارسا کے مطابق صوبوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے بعد پانی کو ڈیموں میں ذخیرہ کیا جائے گا۔ اس وقت ڈیموں میں پانی کی گنجائش بہت زیادہ ہے سیلاب کی صورت میں پانی کو سٹور کیا جا سکے گا۔ درجہ حرارت میں اضافے کے بعد مختلف دریائوں میں پانی کے بہائو میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ دریائے سندھ اور کابل میں سب سے زیادہ پانی کا بہائو دیکھنے میں آیا ہے۔ پانی کے بہتر بہائو کی وجہ سے ارسا نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے پانی کے کوٹے میں اضافہ کر دیا ہے۔ پنجاب کا حصہ 69.400کیوسک سے بڑھا کر 93.200کردیا ہے اس طرح سندھ کا حصہ ساٹھ ہزار کیوسک سے بڑھا کر پچاسی ہزار کیوسک جبکہ بلوچستان کا آٹھ ہزار سے بڑھا کر چودہ ہزار کیوسک کر دیا گیا ہے۔ پچھلے چار روز سے پانی کی 0.207سے بڑھ کر0.0373معکب فٹ تھی۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مختلف آبی ذخائر میں 2لاکھ40ہزار500کیوسک پانی کی آمد اور2لاکھ 10ہزار500کیوسک پانی کا اخراج ریکارڈ کیا گیا۔انڈس ریورسسٹم اتھارٹی کے مطابق تربیلہ ڈیم میں پانی کی آمد1400.81فٹ ریکارڈ کی گئی جو ڈیم میں پانی کی کم سے کم سطح سے 20فٹ 81انچ بلند ہے، ڈیم میں پانی کی آمد95ہزار600کیوسک اوراخراج 70 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1086.75فٹ ریکارڈ کی گئی جو ڈیڈ لیول سے 46.75فٹ بلند ہے، ڈیم میں پانی کی آمد 41ہزار900 کیوسک اور اخراج 38 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔کالاباغ، تونسہ اور سکھر سے بالترتیب 1لاکھ20 ہزار400، 69 ہزار 200اور 11ہزار 400 کیوسک پانی کااخراج ریکارڈ کیا گیا۔