جرائم کی شرح میں کمی لانے پر سی سی پی او کی کینٹ پولیس کو شاباش
لاہور (سٹاف رپورٹر)سی سی پی او لاہور کیپٹن(ر)امین وینس نے کہا ہے کہ ایس پی کینٹ بلال ظفر کو ماہ مئی میں جرائم کے خلاف سخت کریک ڈائون کرنے پر شاباش دیتا ہوں۔ جرائم کی شرح میں کمی لانے کے لئے باقی ڈویژنز بھی کینٹ ڈویژن جیسی حکمت عملی بنائیں معلوم ہو اہے کہ کینٹ ڈویژن کی ماہ مئی میں شاندار کارکردگی سامنے آگئی۔ کینٹ ڈویژن پولیس نے ماہ مئی میں لاہور کی تمام ڈویژنز سے زیادہ خطرناک اشتہاری مجرمان اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈائون کیا۔ایس پی کینٹ بلا ل ظفرنے کہا کہ غیر قانونی اسلحہ کے خلاف مہم میں 110مقدمات میں 04کلاشنکوف، 16رائفلیں،11بندوقیں، 86 پسٹلزاور 1355گولیوں سمیت آتشیں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ خطرناک اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کیٹیگری اے کے 15اور کیٹیگری بی کے 82مجرمان گرفتارکئے گئے۔کینٹ ڈویژن میں گن پوائنٹ پر معصوم شہریوں سے قیمتی مال لوٹنے والے 20گینگز کے 54ملزمان کو گرفتار کرکے 45لاکھ سے زائد کی خطیر رقم برآمد کر لی۔ منشیات کے مکروہ دھندے کے خلاف کارروائی میں 122ملزمان سے 37کلو چرس، 1000لیٹر شراب اور تقریباً 2 کلو ہیروئن برآمد کرکے منشیات کے اڈوں کو ختم کیا گیا۔