پی ایف سی اور ملائیشیا کے فرنیچر مینو فیکچررز جلد مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کریں گے: میاں کاشف
لاہور (کامرس رپورٹر) ملائیشیا کے فرنیچر مینوفیکچررز اور پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) جلد جدید فرنیچر سازی میں تعاون کو فروغ دینے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں مقابلہ کیلئے ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کریں گے تاکہ پیداواری لاگت کو کم اور اور معیار کو موثر اور بہتر بنایا جا سکے۔ پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ ملائیشین فرنیچر کونسل سمیت ملائیشیا کے مختلف فرنیچر سازوں کے ساتھ مذاکرات آخری مراحل میں ہیں تاکہ مشترکہ منصوبوں خاص طور پر لکڑی کے کام کی تربیت کے میدان میں تعاون کو فروغ دیا جا سکے، اس سلسلے میں ملائیشیا کے ماسٹر ٹرینرز پاکستان کا دورہ کر کے کارکنوں کو جدید ڈیزائنوں کی تیاری اور ماڈرن مشینری کے استعمال کی تربیت دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملائیشیا کے فرنیچر ساز مقامی فرنیچر پروڈیوسرز کے ساتھ تعاون اور ملائیشیا یا پاکستان میں مشترکہ منصوبوں کے آغاز اور ٹیکنالوجی کے اشتراک میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشین ماہرین پاکستان میں فرنیچر کے معیار کی بہتری اور کارکنوں کی کپیسٹی بلڈنگ کیلئے کام کرنے کا عملی مظاہرہ اور تربیتی ورکشاپوں کا اہتمام کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاٹیج انڈسٹری ملک کے دیہی علاقوں میں روزگار کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اور ان کی معاشی حالت کو بہتر بنانے اور روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے کیلئے ان کی تربیت اور کپیسٹی بلڈنگ کی ضرورت ہے۔