ہائیکورٹ:گرمیوں کی چھٹیوں کی فیس وصولی کے خلاف درخواست پر سیکرٹری سکول ایجوکیشن کو نوٹس
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پرائیویٹ سکول میں گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران فیسوں کی وصولی کے خلاف دائر درخواست پر سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب کو نوٹس جاری کردیئے ہیں اور درخواست پر جواب طلب کر لیا ہے۔ درخواست میں یہ اعتراض اٹھایا گیا کہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران فیسوں کی وصولی کا کوئی جواز نہیں ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے جوڈیشل ایکٹویزم پینل کی درخواست پر سماعت کی جس میں پرائیوٹ سکولوں کی انتظامیہ کی جانب سے موسم گرما کی تعطیلات میں فیسوں کی وصولی کو چیلنج کیا گیا ہے. درخواست گزار تنظیم کے وکیل نے کہا کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے باوجود پرایئویٹ سکول فیسیں وصول کر رہے ہیں۔