آرٹیکل 62‘ 63 پر مکمل عمل کرنا ہوگا ورنہ سیاسی بحران بڑھیں گے: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی اور قومی اسمبلی کے امیدواران کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ جمہوریت، پارلیمنٹ، ووٹ اور ووٹر کو عزت دینے کیلئے آئین کے آرٹیکل 62،63 پر اسکی روح کے مطابق عمل درآمد کرنا ہوگا ورنہ گندگی پلٹ کر اسمبلیوں میںآئیگی اور سیاسی بحران بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حیرت ہے کاغذات نامزدگی میں اندرون و بیرون ملک اثاثے، ڈیفالٹ، مقدمات سمیت اہم معلومات چھپانے کی قانونی سہولت مہیا کردی گئی۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اگر اس ملک سے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہے تو پھر ایماندار، دیانتدار نمائندے اسمبلیوں میں بھیجنے ہوں گے۔ دولت، دھن، دھونس اور دھاندلی کے تمام دروازے بند کرنے ہوں گے۔یہ اسی وقت ممکن ہے جب آئین کے آرٹیکل 62،63 پر عمل ہوگا۔ قوم نے کرپٹ عناصر کے خاتمے کیلئے مذکورہ آرٹیکلز سے بڑی امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں انہیں پورا نہ کرنا آئین کی توہین اور بہت بڑا ظلم ہوگا۔