35 لاکھ کے نادہندہ گلوکار راحت علی کو سٹے ختم ہونے پر ایف بی آر کا ریکوری کیلئے نوٹس‘ نصرت فتح علی کی قوالیاں گانے کیلئے اجازت کی ضرورت نہیں: گلوکار
لاہور (کامرس رپورٹر + این این آئی) فیڈرل بورڈ آف ریو نیو نے معروف گلوکار راحت فتح علی خان سے ٹیکس بقایاجات ریکوری کیلئے کارروائی شروع کر دی۔ راحت فتح علی خان کو حکم امتناعی ختم ہونے کے بعد ریکوری کے لیے نوٹس جاری کر دیا گیا۔گلوکار کے ذمے سال 2015 کے انکم ٹیکس کی مد میں 35 لاکھ روپے واجب الادا تھے۔ ایف بی آر 23 لاکھ 25 ہزار روپے پہلے ہی ریکور کرچکا ہے۔ ایف بی آر نے گلوکار راحت فتح علی خان کے اکائونٹس منجمد کر رکھے ہیں۔ علاوہ ازیں گلوکار راحت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے چچا اور استاد نصرت فتح علی خان کی قوالیاں گانے کے لیے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں۔ وہ اپنے چچا اور استاد نصرت فتح علی خان کے جانشین ہیں اور انہوں نے ہی ان کی پرورش کی ہے۔ گھر کے دوسرے افراد بھی ان کا کلام گاتے رہے ہیں اور اس میں کوئی اجازت والی بات نہیں۔ واضح رہے حال ہی میں نصرت فتح علی خان کی بیٹی ندا نصرت نے اعلان کیا تھا کہ وہ بغیر اجازت اپنے والد کے گیت گانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی۔