جنوبی سندھ صوبہ مہاجر قوم کی بقاء و سلامتی کیلئے ناگزیر ہے ۔آفاق ا حمد
کراچی( خصوصی رپورٹر)مہاجرقومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ جنوبی سندھ صوبہ کا قیام مہاجر قوم کی بقاء و سلامتی کیلئے ناگزیر ہے ،نوے کی دہائی سے جنوبی سندھ صوبہ کی چلنے والی تحریک کو ایک فیصلہ کن موڑ دینے کیلئے سندھ کے شہری علاقوں بالخصوص کراچی کے عوام کو اپنا ووٹ بروئے کار لانا اور جو لوگ بھی قوم کو انتشار کے طعنے دے رہے ہیں انہیں موم بتی پر مہر لگا کر بھرپور جواب دینا ہوگا ۔ اپنی رہائش گاہ پر اورنگی ٹائون سے آنے والے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ موجودہ سندھ اسمبلی مہاجروں کے مطالبات کا قبرستان ثابت ہوئی اور ہر وہ مطالبہ جو کراچی کی بہتری اور یہاں کے لوگوں کی بہبود کیلئے ضروری تھا جان بوجھ کر پس پشت ڈالا جاتا رہا اس لئے اب اسکے سوا کوئی چارہ نہیں کہ اپنی طاقت، صلاحیت اور وسائل کو جنوبی سندھ صوبے کیلئے بروئے کار لایا جائے ۔