ٹرمپ کی پالیسیوں تے امریکہ میں غربت تیزی سے بڑھ رہی ہے: خصوصی ایلچی اقوام متحدہ
جینوا( آن لائن) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی حقوق نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ معاشی پالیسیوں کی وجہ سے امریکا میں غربت کا تناسب تیزی سے بڑھ رہا ہے‘ غریب مسلسل غریب اور دولت مندوں کو نوازنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اقوام متحدہ کی خصوصی ایلچی برائے انتہائی غریب فلپ ایلسٹن نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ امریکا کے غریب طبقوں کو مزید دیوار سے لگانے کے بجائے انہیں سیفٹی نیٹ میں شامل کرکے سماجی تحفظ فراہم کیا جائے اور ان کے مسائل کے سدباب کیلیے موثر حکمت عملی واضع کی جائے۔فلپ ایلسٹن کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ ٹیکس پالیسی فنانشنل وینڈ فال کے باعث لاکھوں امریکی سماجی بہبود پر مشتمل مراعات اور ہیلتھ انشورنس سے محروم ہو گئے اور مذکورہ پالیسی سے متمول اور امیر طبقہ ہی فائدہ اٹھا رہا ہے۔امریکہ میں انتہائی غربت نئی بات نہیں اور 1960 میں اس وقت کے صدر کی غربت کے خلاف جنگ میں اٹھائے گئے اقدامات قطعی طور پر نظر انداز کیے جارہے ہیں۔ایسا معلوم ہوتا ہے گزشتہ چند برسوں سے جان بوجھ کر غریب مخالف پالیسیاں مرتب کی جارہی ہیں جس سے شہری کو بنیادی حقوق سے محروم کردیا جائے، بے روزگار افراد کو سزا دی جائے، صحت کی بنیادی سہولیات کو شہری حقوق سے نکال کر ایسی مراعات بنادی جائے جس کی قیمت ہو۔