عدلیہ مخالف تقاریر بیان قلمبند کرانے کیلئے سابق لیگی ارکان اسمبلی سمیت ملزموں کی آج طلبی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ میں قصور میں عدلیہ مخالف تقاریر کے مقدمہ میں نامزد سابق ایم این اے ، ایم پی اے سمیت دیگر ملزموں کے خلاف دائر توہین عدالت کیس میں مزید ایک گواہ کا بیان قلمبند اور جرح مکمل کر لی گئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزموںکو بیان قلمبند کرانےکے لئے طلب کر لیا۔ جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے سماعت کی۔ سابق ایم این اے وسیم اختر، سابق ایم پی اے نعیم صفدر،چیرمین بلدیہ قصور ایاز خان، وائس چیرمین احمد لطیف عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت کے روبرو مقامی میڈیا کے نمائندے نے بیان قلمبند کرایا اور جرح مکمل کی۔ ڈی پی او قصور زاہد مروت سمیت تین گواہوں نے پہلے ہی اپنے بیانات قلمبندکرائے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر ضابطہ فوجداری کی دفعہ 342 کے تحت ملزموں کو بیان قلمبند کرانے کے لئے طلب کر لیا۔ دو ملزموں ناصر خان اور جمیل خان نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں ان کے اہل خانہ نے چیف سے معافی مانگی جس پر چیف جسٹس نے انہیں معاف کر دیا۔ درخواست گزار کے وکیل احسن بھون نے اس بات کی تروید کی کہ ملزم ناصر خان اور جمیل خان کی معافی کے بارے میں سپریم کورٹ نے کوئی حکم جاری کیا ہے جس پر عدالت نے سپریم کورٹ کے حکم کی کاپی دونوں ملزموں کوعدالت میں پیش کرنے کی ہدائت کرتے ہوئے مزید سماعت آج پانچ جون تک ملتوی کر دی۔