امید ہے پاکستان میں انتخابی عمل باآسانی مکمل کر لیا جائیگا : چین
بیجنگ(آئی این پی)چین نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں انتخابی عمل ہموار طریقے سے سرانجام پائے گا اور پاکستان اس بڑے سیاسی عمل کو بآسانی مکمل کر لے گا، انتخابی عمل اور نتائج سے سدا بہار پاک چین سٹرٹیجک شراکت داری کی ترقی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، ایرانی ایٹمی مسئلے پر چین اور یورپی یونین جامع اور سنجیدہ پالیسی وضع کریں گے، چین اور ایران کے مابین ہمیشہ سے اقتصادی و تجارتی تعلقات رہے ہیں، چین کو بھارت کے مثبت رویہ پر خوشی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہواشن اینگ نے معمول کی پریس بریفنگ میں صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ چین کو امید ہے کہ پاکستان کا انتخابی عمل پرامن اور ہموار طریقے سے سرانجام پائے۔ پاکستان سلجھا ہوا ملک ہے اور یہ اپنے سیاسی و انتخابی عمل کو بہتر طریقے اور آسانی سے پورا کر لے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتخابی عمل کے نتیجے میں کسی بھی سیاسی جماعت کی حکومت قائم ہو پاک چین تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ پاک چین تعلقات ان چیزوں سے بہت بلند اور گہرے ہیں۔ہووا نے ایران بارے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین اور ایران مابین ہمیشہ سے اقتصادی و تجارتی تعلقات رہے ہیں اور رہیں گے۔ ایرانی ایٹمی مسئلے پر چین اور یورپی یونین جامع اور سنجیدہ پالیسی وضع کریں گے۔ ایرانی جوہری ڈیل پر اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرتا رہے گا۔ ترجمان نے چین اور بھارت تعلقات بارے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین کو بھارت کے روئےے میں مثبت تبدیلی پر خوشی ہے۔چین اور بھارت کے مابین مسلسل باہمی سیاسی اعتماد میں اضافہ اور سرحد میں امن قائم رکھنا ہے۔
چینی وزارت خارجہ