امت مسلمہ کو اپنے نبیؐ سے عہد وفا کرنے کی ضرورت ہے‘ جے یو پی
کراچی (نیوز رپورٹر) حضورؐ کی حیات طیبہ ہمارے لئے بہترین عملی نمونہ ہے مسلمان اپنی عملی زندگی کو بہتر بنانے پر زور دیں۔ نزول قرآن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سید محمد اشرف الجیلانی نے کہاکہ امت مسلمہ کو اپنے نبیؐ سے عہد وفا کرنے کی ضرورت ہے حضورؐ کا میلاد منانا اکابرین کا طریقہ ہے‘ صحابہ نے حضورؐ سے بے مثال محبت کی اور ہمارے لئے ایک فکر دی کہ حضورؐ سے محبت تب مکمل ہو گی جب ہم حضورؐ کے فرمان کے مطابق زندگی گزاریں گے۔ علامہ اکرام مصطفی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ نظام مصطفی نافذ کرنے کیلئے عملی کردار ادا کرے‘ نظام مصطفی سے ہی قیام امن ممکن ہے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ ہر مسلمان کو چاہئے کہ وہ اپنے گھر میں حضورؐ کی سیرت کو عام کرے۔ کانفرنس سے علامہ قاری محمد صدیق‘ حاجی فاروق نورانی‘ محمد وزیر رہبر‘ سید عرفان نورانی‘ محمد تاج نورانی‘ عبدالقادر نورانی و دیگر موجود تھے۔ کانفرنس میں ڈاکٹر سید محمد اشرف الجیلانی نے اور عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قادیانیوں پر عائد پابندیوں کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر قاری محمد صدیق نے کہاکہ رمضان المبارک میں حکومت عوام کو کوئی سہولت فراہم نہیں کرتی‘ پرامن لوگوں کو پرامن رہنے دیا جائے۔