مصر نے عالمی اسکواڈ کا اعلان کردیا‘ زخمی محمد صلاح شامل
کراچی(اسپورٹس رپورٹر) مصر فٹبال ایسوسی ایشن نے روس کی میزبانی میں14 جون کو شروع ہونے والے ورلڈکپ کے لئے حتمی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ زخمی ہونے کے باوجود مصری فٹبال نے سپر اسٹار محمد صلاح کو ٹیم میں جگہ دے دی۔ 25 سالہ محمد صالح گذشتہ ہفتہ یوئیفا چیمپئنز لیگ کے فائنل میں زخمی ہوگئے تھے۔ ان کے کندھے پر سخت چوٹ لگی۔ مصری ٹیم جو گروپ اے میں میزبان روس‘ سعودی عرب یوروگوائے کے مدمقابل ہوگی اپنا افتتاحی میچ 15 جون کو یوروگوائے کے خلاف کھیلے گی۔ ٹیم آفیشلز کے مطابق محمد صلاح 9 جون تک ٹیم جوائن نہیں کرسکتے کیونکہ اس وقت وہ زیر علاج ہیں وہ اپنی ٹیم کی جانب سے کوئی وارم اپ میچ بھی نہیں کھیل سکتے۔ مصری ٹیم کی قیادت عصام ال حادری کریں گے۔ فاروڈ لائن میں محمد صلاح کا ساتھ مروان محسن دیں گے۔