چکوال: سابق وفاقی وزیر عبدالمجید ملک آبائی گائوں میں سُپرد خاک نواز شریف، شہباز شریف کا اظہار افسوس
چکوال/ اسلام آباد / لاہور (نامہ نگار+ اے پی پی+ خبر نگار) بزرگ مسلم لیگی رہنما سابق وفاقی وزیر لفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالمجید ملک کو گذشتہ روز ان کے آبائی قصبہ جند اعوان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مرحوم رکن قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر اقبال کے سسر و چچا تھے۔ جنرل عبدالمجید ملک 1985کے غیر جماعتی انتخابات میں پہلی بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، بعد ازاں 1999 تک کے چار انتخابات میں مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے بھاری اکثریت سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ نماز جنازہ میں مشیر وزیراعظم خارجہ امور سرتاج عزیز، چیئرمین مسلم لیگ ن راجہ ظفر الحق، صوبائی وزیر ہائوسنگ ملک تنویر اسلم، ایم این اے راجہ جاوید اخلاص، ایم پی اے چوہدری لیاقت علی، شہریار اعوان و دیگر نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد نواز شریف نے عبدالمجید ملک کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہارکیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم نے کہا مرحوم کی پیشہ وارانہ اورسیاسی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بھی عبدالمجید ملک کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔علاوہ ازیں چودھری شجاعت حسین نے عبدالمجید ملک کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔