پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل‘ شہادتیں قلمبند کرانے کیلئے نیب کے گواہ  طلب

Jul 05, 2022

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت  نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل کیس کی سماعت 25 جولائی تک ملتوی، نیب کے گواہان کو شہادتیں قلمبند کروانے کے لیے طلب کر لیا۔ احتساب عدالت لاہور نمبر نو کے جج قمر الزمان نے کیس کی سماعت کی۔ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور صوبائی وزیر پنجاب سلمان رفیق نے عدالت کے سامنے پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی۔ عدالت نے کیس کی سماعت پچیس جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے نیب کے گواہان کو شہادتیں قلمبند کروانے کے لیے طلب کر لیا۔ نیب ریفرنس کے مطابق خواجہ برادران پر پیرا گون سٹی کرپشن میں مبینہ طور پر مالی فوائد حاصل کرنے کا الزام ہے۔ پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سے خواجہ برادران کو باقاعدگی سے پیسے آتے رہے، قیصر امین بٹ نے اعتراف کیا کہ کروڑوں روپے کمیشن اور ڈائریکٹ بینیفشل اونر کے طور پر خواجہ سعد اور سلمان رفیق کو وصول کروائے۔ سماعت کے بعد سلمان رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 22 جولائی کے حوالے سے ہم تیار ہیں، 171 ہمارے پاس پہلے بھی موجود تھے انکے 168 بھی پورے نہیں ہیں ہمیں پاکستان پیپلز پارٹی کی بھی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد مہنگائی پر قابو پالیں گئے ضمنی انتخابات میں اتحادیوں کے ساتھ مل کر کامیابی  حاصل کریں گے۔
پیراگون سکینڈل

مزیدخبریں