فاروق آباد میں کوسٹر‘ ٹرین خوفناک حادثہ
ضلع شیخوپورہ کے قصبہ فاروق آباد میں جاتری روڈ پر کوسٹر اور ٹرین کا خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں سکھ فیملی کے 22 افراد ہلاک ہو گئے۔ حادثہ کا شکار ہونیوالے سکھ خاندان کا تعلق پشاور سے تھا جو ننکانہ میں فوتگی پر آیا ہوا تھا اور واپسی پر گورودوارہ سچا سودا حاضری کے لیے جا رہا تھا لیکن موت نے مہلت ہی نہ دی۔ جاتری روڈ پر ریلوے پھاٹک بند ہونے کے باعث ڈرائیور نے کوسٹر کچے راستے سے گزار کر ریلوے لائن عبور کرنے کی کوشش کی تو ٹرین نے آ لیا جس کے نتیجہ میں 22 مسافر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 6 شدید زخمی ہو گئے۔ ابتدائی رپورٹ میں قرار دیا گیا ہے کہ حادثہ کوسٹر ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔ رواں سال ریلوے پھاٹکوں پر متعدد حادثات ہو چکے ہیں۔ جن میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، کہیں پھاٹک نہ ہونا، کہیں ٹرین کی آمد پر پھاٹک کھلا رہنا اور کہیں ڈرائیوروں کی غفلت بھاری جانی نقصان کا سبب بنی ہے جو انتہائی افسوسناک ہے کیونکہ ریلوے پھاٹکوں پر جہاں ریلوے ملازمین سے ذمہ داری کے مظاہرے کی توقع کی جاتی ہے، وہیں راہگیروں اور ڈرائیوروں کو بھی انتہائی محتاط رہنا چاہیے اور آنکھیں کھلی رکھنی چاہئیں تا کہ لمحوں کی خطا صدیوں کی سزا نہ بن جائے۔