نوشین جاوید کو ہٹا دیا گیا، جاوید غنی نئے چیئرمین ایف بی آر مقرر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نوشین جاوید کو ہٹا کر پاکستان کسٹم سروس کے 22ویں گریڈ کے افسر محمد جاوید غنی کو چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے منصب کا اضافی چارج دیا گیا۔ حکومت پاکستان نے محمد جاوید غنی کو تین ماہ کے لیے یا کسی اور افسر کی تقرری تک چیئرمین ایف بی آر کے عہدے پر تعینات کیا ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔ چیئر پرسن ایف بی آر نوشین جاوید کو سیکریٹری قومی ورثہ اور ثقافتی ڈویژن تعینات کردیا گیا ہے اور اس کا اطلاق بھی فوری طور پر ہو گا۔ واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں حکومت نے شبر زیدی کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے نوشین جاوید امجد کو پہلے عارضی اور بعد ازاں مستقل چیئرپرسن تعینات کردیا تھا۔ حکومت 18ماہ میں تین چیئر مین تبدیل کر چکی ہے۔ نئے چئیرمین ایف بی آر کی سمری کی منظوری وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے حاصل کی گئی۔ چھٹی والے دن چیئر پرسن کو بدلنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔ ایف بی آر نے حال ہی میں اپنا نظر ثانی شدہ ہدٖف حاصل کیا ہے۔ جبکہ ایف بی آر کے پاس سپریم کورٹ کے پاس جسٹس فائز عیسی کی اہلیہ کا کیس موجود ہے۔ جو عدلیہ ہی کی جانب سے بھیجا گیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مستقل چیئر مین کی تعیناتی پر بھی غور ہو رہا ہے اس کے لئے ان لینڈ ریونیو اور کسٹمز کے گریڈ22 کے افسروں کے کوائف دیکھے جا رہے ہیں۔