کراچی : بلدیاتی اداروں میں گریڈ ایک تا چار تقرریوں کی اجازت منسوخ
کراچی (خبر نگار) حکومت سندھ نے بلدیہ عظمی کراچی سمیت کراچی کے بلدیاتی اداروں میں ایک سے 4 گریڈ تک کے ملازمین کی تقرری کی اجازت دینے کے24 یوم بعد منسوخ کر دی جب آسامیوں کے لئے میڈیا میں اشتہارات شائع کرنے سمیت تمام قانونی طریقہ کار مکمل کیا جا چکا تھا ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سندھ کے دستخط سے اچانک جاری ہونے والے خط میں بلدیہ عظمی کراچی سمیت کراچی کی تمام ڈی اہم سیز اور دیگر بلدیاتی اداروں کو مطلع کیا گیا ہے کہ جس خط کے ذریعے بلدیاتی اداروں کو گریڈ 1 تا 4 تک تقرری کی اجازت دی گئی تھی اس کو منسوخ کر دیا گیا ہے ۔ مئیر کراچی وسیم اختر نے حکومت سندھ کے اس اقدام کو بلا جواز اور کراچی دشمنی قرار دیتے ہوئے م کہا ہے کہ میزانیہ میں موجود یہ آسامیاں سالوں سے خالی ہیں جب کہ کراچی میں بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے ۔حکومت نے سندھ کے تمام بلدیاتی اداروں کو ان آسامیوں پر بھرتی کی اجازت دی تھی جس کے تمام قانونی تقاضے بھی پورے کر لئے تھے مگر اچانک حکومت سندھ نے صرف کراچی کے بلدیاتی اداروں کا اجازت نامہ منسوخ کیا جب کے سندھ کے دوسرے ڈویژن میں بلدیاتی اداروں سمیت سندھ کے تمام سرکاری اداروں میں ان آسامیوں پر تقرری کی اجازت برقرار ہے صرف کراچی کے نوجوانوں کے لئے سرکاری ملازمت کے دروازے بند کر دئے گئے ۔ مئیر کراچی نے کہا کہ حکومت سندھ کا یہ اقدام کراچی کے نوجوانوں کا استحصال اور معاشی قتل ہے اس سے محرومیوں اور نفرتوں میں اضافہ ہو گا فائدہ کسی کا بھی نہیں ہو گا۔ یہ آسامیاں بجٹ میں پہلے سے موجود ہیں ۔