چمڑا فیکٹری مالکان کا ملک بھر میں آج کاروبار بند کرنے کا اعلان
کراچی(صباح نیوز)ملک بھر میں چمڑا فیکٹریوں کے مالکان نے بھی کاروبار بند کرنے کا اعلان کردیا۔ چیئرمین ٹینریز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ 5جولائی یعنی (آج) سے تمام فیکٹریاں کھالوں کی خریداری بند کردیں گی ۔چیئرمین ٹینریز ایسوسی ایشن آغا سیدین کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا۔ زیروریٹ کی سہولت ختم ہونے کے بعد سرمایہ حکومت کے پاس نہیں پھنسا سکتے۔ بجٹ میں چمڑا سازی کے کیمیکلز پر بھیاضافی ڈیوٹی عائد کردی گئی ۔انہوں نے کہاکہ چمڑا فیکٹریاں 5جولائی سے کھالوں کی خریداری بند کردیں گی، ملک بھر کی800سے زائد چمڑا فیکٹریوں میں تالے لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔آغا سیدین نے کہا کہ عید قرباں سے حاصل ہونے والی کھالیں بھی نہیں خریدسکیں گے جس سے اربوں روپے کی کھالیں ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز نے وِد ہولڈنگ ٹیکس میں اضافے کیخلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔ آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری انور سادات کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکرز مالکان پر دو فیصد ٹیکس عائد تھا جسے تین فیصد کردیا گیا ہے،حکومت ٹیکس نادہندگان کو نیٹ میں لانے کے بجائے ٹیکس ادا کرنے والوں کا خون چوس رہی ہے۔ انوار سادات نے مطالبہ کیا کہ حکومت ودہولڈنگ ٹیکس میں اضافہ فوری طور پر واپس لے،آئل اور گیس سیکٹر معیشت کا اہم جز ہے اور اسے تباہی سے بچایا جائے۔