ٹیکس کیخلاف لاہور کار ڈیلرز کی ہڑتال، جیل روڈ پر مظاہرہ
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور کار ڈیلرز فیڈریشن کی کال پر حکومت کی طرف سے نئے ٹیکسز کے نفاذ اور گاڑیوں کے لوکل اسمبلرز کی اجارہ داری سے گاڑیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کے خلاف گزشتہ روز جیل روڈ لاہور کی دیگر مارکیٹوں میںکارڈیلرز نے شٹر ڈائون ہڑتال کی جبکہ تمام مارکیٹوں کے صدور، جنرل سیکرٹری اور دیگر عہدیداران نے جلوس اور ریلی کی شکل میں جیل روڈ پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ انجمن تاجران جیل روڈ اور لاہور کار ڈیلرز فیڈریشن کے صدر شہزادہ سلیم خان، چیئرمین انجمن تاجران جیل روڈ چودھری محمد ادریس، سیکرٹری جنرل اور دیگر عہدیداروں نے کہا کہ نئے ٹیکسوں اور گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کے باعث گاڑیوں کا کا روبار تباہی سے دوچار ہو گیا ہے۔ اپنے مطالبات کے حق میں دوسرے اضلاع کے کار ڈیلرز بھی اس شٹر ڈائون ہڑتال میں شامل ہوں گے۔ جبکہ ہڑتال مطالبات پورے ہونے تک جاری رہے گی۔