اسلام آباد چیمبرکا زرعی ترقی کیلئے 309ارب روپے کے حکومتی پیکچ کا خیر مقدم
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل، سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت زراعت کی ترقی کیلئے 309ارب روپے کے حکومتی پیکج کا خیر مقدم کیا ہے کیونکہ اس پر عمل درآمد سے پاکستان میں زرعی پیداوار بہتر ہو گی، درآمدات پر انحصار کم ہو گا، کسانوں کا معیار زندگی بہتر ہو گا، دیہی علاقوں سے غربت و بیروزگاری کم ہو گی اور ملک پائیدار اقتصادی ترقی حاصل کرنے کی طرف مثبت پیش رفت کرے گا۔ اس پروگرام کے تحت وفاقی حکومت زرعی شعبے کی بہتری کیلئے 84ارب روپے فراہم کرے گی جبکہ باقی 225ارب روپے صوبے شیئر کریں گے۔ احمد حسن مغل نے کہا کہ ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود پچھلے سال پاکستان نے تقریبا 4ارب ڈالر کی زرعی مصنوعات درآمد کیں جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان زرعی شعبے میں ابھی بھی کتنا پیچھے ہے حالانکہ اس شعبے کو ترقی دینے کی عمدہ صلاحیت موجود ہے۔