تنخواہوں سے محروم کے ایم سی ملازمین کے احتجاج کو کے الیکٹرک سے جوڑنا بلا جواز ہے‘ کے الیکٹرک
کراچی(خبر نگار) کے ایم سی ملازمین کے تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور دیگر معاملات پر ہونے والے احتجاج کو کے الیکٹرک سے جوڑنا بلاجواز ہے۔ کے ایم سی کے ملازمین کوکسی بھی پریشانی سے بچانے کیلئے بلدیہ عظمی کراچی کو عدالتی احکامات کے مطابق اپریل 2019سے ماہانہ بلوں کی ادائیگی کو یقینی بنانا ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کے ایم سی کی جانب سے 4ارب روپے سے زائد کے واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث ملازمین کی تنخواہ اور دیگر امور کے مسائل پیدا ہوئے ہیں تاہم کے الیکٹرک سے ان معاملات کو وابستہ کرنا مناسب نہیں۔کے ایم سی کی جانب سے حالیہ بلاجواز کارروائیوں بالخصوص کسٹمر کیئر سینٹر پر کے ایم سی کی طرف سے بغیر پیشگی نوٹس اچانک توڑ پھوڑ سے ناصرف کسٹمر سروس متاثر ہوئیں بلکہ صورتحال کے پیش نظر کئی صارف کسٹمر کیئر سینٹر سے واپس چلے گئے۔