پنجاب حکومت کا خصوصی بچوں کیلئے سپیشل ایجوکیشن فاونڈیشن قائم کرنے کا فیصلہ
لاہور( نیوز رپورٹر)پنجاب حکومت نے صوبہ میں خصوصی بچوں کو تعلیم و تربیت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے سپیشل ایجوکیشن فائونڈیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے فاونڈیشن کے تحت خصوصی انڈومنٹ فنڈ بھی بنایا جائے گا ۔ فیصلہ صوبائی وزیربرائے سپیشل ایجوکیشن چوہدری محمد اخلاق اور چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ کی تاریخ میں پہلی بار سپیشل ایجوکیشن پالیسی کا اجراء رواں سال کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خصوصی بچوں کو تعلیم بالخصوص فنی تربیت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے تا کہ وہ معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں برس صوبہ کے گیارہ اضلاع میں سپیشل ایجوکیشن سکولوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات کی فراہمی کیلئے 35ملین روپے کی لاگت سے پروگرام شروع کیا گیا ہے۔چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے کہا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت ریاست کی ذمہ داری ہے اور ریاست یہ ذمہ داری پوری کریگی ۔انہوں نے ہدایت کی کہ سپیشل ایجوکیشن کے شعبے کی بہتری کیلئے تجاویز تیار کرنے کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے جس میں متعلقہ محکموں کے نمائندوں اور سٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے جو ایک ماہ کے اندرمستقبل کا ر روڈ میپ تیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت قومی تعمیر کے عمل کا حصہ ہے،مہذب معاشروں میںخصوصی افراد تعلیم و تربیت حاصل کر کے قومی ترقی کے دھارے کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم وتربیت اور فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے۔