پنجاب میں90لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیاگیاہے:چیف سیکریٹری
لاہور ( سپیشل رپورٹر) پنجاب میں مون سون کی شجرکاری مہم کے دوران 90لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ جولائی میں شروع ہونے والی شجر کاری مہم تین ماہ جاری رہے گی۔شجرکاری مہم سے متعلق انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے اوراضلاع میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت مند انہ ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی روکنے کا کام انسانیت کی خدمت ہے۔بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے درخت لگانا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کے تحفظ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم کا مقصد زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ترغیب دینا ہے،شہری شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ درخت لگانے کے فوائد بارے کمیونٹی موبلائزیشن اور آگاہی مہم شروع کی جائے اور پودے لگانے کے بعد انکی دیکھ بھال کا بھی موثر انتظام کیا جائے تاکہ پودے درخت بن کر ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں معاون ثابت ہوں۔