متحدہ قومی موومنٹ نے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کی حمایت کرتے ہوئے قوم سے سیکورٹی فورسز کا بھرپورساتھ دینے کی اپیل کی ہے۔
میوہسپتال لاہور میں قائد تحریک الطاف حسین کی ہدایت پر سانحہ داتا دربار کے زخمیوں کی عیادت اور انھیں پھول پیش کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ حکمران اگر عوام کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتے تو گھر چلے جائیں۔ دہشت گردی کے ان حالات میں عوام کو اپنی حفاظت کے لیے خود سوچنا ہوگا۔ سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر الزامات لگانے کی بجائے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں۔ انھوں نے سانحہ کے منصوبہ سازوں کی گرفتاری، زخمیوں اور شہدأ کے خاندانوں کی فوری مالی امداد کا بھی مطالبہ کیا۔