ملک دیوالیہ ہوگیا، جلد اسلام آباد میں ملین مارچ کا اعلان کریں گے: فضل الرحمن
کوئٹہ(آن لائن) قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے مولانا محمد خان شیرانی اور جمعیت پنجاب کے امیر ڈاکٹر قاری عتیق الرحمان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، تبدیلی کے بلند بانگ دعویداروں نے ملک کو دنوں کے اندر دیوالیہ کر دیا ہے، مہنگائی، بیروز گاری میں ہوش ربا اضافے کے ساتھ خارجہ محاذ پر حکمرانوں کی مغرب نوازی قومی المیہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی حکمران ملک کے نظریاتی تشخض کو ختم کرنے کے عالمی ایجنڈے پر اندھا دھند عمل پیرا ہیں۔ قائد جمعیت نے کہا آسیہ کیس میں حکمران اور عدلیہ دونوں نے عالمی اداروں سے خفیہ ڈیل کی ہے، جو اب طشت ازبام ہوچکی ہے ملک بھر اور بالخصوص پنجاب کے دینی کارکنوں کو ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار رہنا ہوگا۔ عنقریب اسلام آباد میں لانگ و ملین مارچ کا اعلان کیا جائے گا، جو یہود نوازحکمرانوں کی رخصتی تک جاری رہے گا۔