راولپنڈی (سلطان سکندر) مقبوضہ اور آزاد کشمیر قیادت نے مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کی آشا کو بے نتیجہ قرار دیا ہے۔ آزاد کشمیر کے سابق صدر اور وزیراعظم سردار سکندر حیات نے کہا ہے کہ یہ بات ناقابل فہم ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر امن قائم ہو سکتا ہے۔ میں کشمیری ہوں مگر مجھے قطعی علم نہیں کہ اندرون خانہ کشمیر پر کیا کچھ ہورہا ہے۔ بیک ڈور ڈپلومیسی اور چند این جی اوز کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو کھانے پینے کا ذریعہ بنا لیا گیا۔ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیریوں کو حق خودارادیت دینا ہو گا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس (علی گیلانی) کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینئر محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کے مظالم بند نہیں ہوتے امن کی آشا کامیاب نہیں ہو گی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس میر واعظ آزاد کشمیر شاخ کے کنوینئر محمود احمد ساغر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کر کے ہی خطے کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے صدر سردار خالد ابراہیم نے کہا کہ امن کی آشا تحریک کاروباری لابیوں کی طرف سے تجارتی مقاصد کے لئے چلائی گئی ہے‘ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ امان اللہ خان اور کل جماعتی حریت کانفرنس (میر واعظ) آزاد کشمیر کے سابق کنوینر یوسف نسیم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر برصغیر میں دہشت گردی ختم ہو سکتی ہے نہ ہی امن قائم ہو سکتا ہے۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024