بھارتی آرمی چیف نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دیا‘ پاکستان کسی سے دبا‘ نہ دبے گا : شاہ محمود
کراچی (آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی ا ٓرمی چیف کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے،بھارتی آرمی چیف نے اپنے ملک کی خدمت کی ہے اور نہ خطے کی ،پاکستان بھارت سے جامع مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے ،بھارت جامع مذاکرات کی افادیت تسلیم بھی کرتا ہے اور مذاکرات کی میز پر بھی نہیں آتا،انہوں نے کہا کہ دنیا معترف ہے کہ پاکستان انتہا پسندوں کو شکست دے رہا ہے، یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم ذمہ دار قوم ہیں اور ذمہ داری کادامن ہاتھ سے نہیں جانے دیں گے ،پاکستان نہ دبا ہے اور نہ دبے گا اور خطے میں مکمل طور پر امن چاہتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کا مکمل طور پر خاتمہ چاہتے ہیں۔ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑا ساتھ دیا ہے ،اب دہشت گرد یمن اور صومالیہ منتقل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف بھارت مذاکرات کی بات کرتا ہے اور پھر خود اس سے منحرف ہو جاتاہے ،بھارتی آرمی چیف نے نہ خطے اور نہ ہی ملک کی خدمت کی ہے ،پاکستان بھارت سے جامع مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ صدر مملکت اندرون و بیرونی ملک پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں، مسلم لیگ (ن)ہماری حلیف جماعت ہے ، پنجاب میں ماضی کے حریفوں کو حلیف بنایا، سندھ میں اکثریت کے باوجود متحدہ سے اتحاد بنایا، انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کے بیان پر دفتر خارجہ اور آئی ایس پی آر نے مناسب ردعمل کا اظہار کیا ہے ،این ایف سی ایوارڈ ایک بہت بڑی پیش رفت ہے، پیپلز پارٹی بے نظیر بھٹو شہید کی شہادت پر اشتعال میں نہیں آئی جس کی وجہ یہ تھی کہ ہم ملک میں بربادی اور تباہی نہیں چاہتے تھے، ملک میں امن امان چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صدر زرداری جمہوری اداروں کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔