صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت نے سابق صدرپرویز مشرف کے ورثاء سے تعزیت کا اظہارِ کرتے ہوئے مرحوم صدر کیلئے دعائے مغفرت کی اور ورثاء کیلئے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پرویز مشرف کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔شہباز شریف نے مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔
علاوہ ازیں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بھی پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔نیول چیف نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ جنرل پرویز مشرف مرحوم کے لواحقین کو صبر و جمیل عطا کرے۔
واضح رہے کہ سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف انتقال کر گئے ۔سابق صدر پرویز مشرف دبئی کے نجی اسپتال میں کافی عرصہ سے زیر علاج تھے. انکا انتقال امریکن اسپتال دوبئی میں ہوا۔