ملک کو بحران سے نکالنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں:خرم دستگیر

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خاں نے کہا ہے کہ ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں،تمام پاکستانیوں کو چاہئے کہ ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملکی مفاد میں سب ایک ساتھ کھڑے ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ 57کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے132کے وی دولت نگر گرڈ اسٹیشن اور فیڈنگ ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر سے علاقہ میں ترقی و خوشحالی کا نیا باب کھلے گا ، ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے132کے وی دولت نگر گرڈ اسٹیشن اور فیڈنگ ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹوانجینئر محمد ایوب نے بتایا کہ ا س عظیم الشان منصوبے کی تعمیر سے گیپکو کو لائن لاسز میں کمی کی مد میں سالانہ85لاکھ60ہزار سے زائدیونٹس کی بچت ہو گی، گرڈ اسٹیشن سے7 نئے فیڈرشیر گرھ، لمبھڑا، ڈوگا، لاہوریاں، عمر والا، بنین اور ککرالی نکالے گئے ہیں جن پر 72میگاواٹ تک کے نئے کنکشن لگانے کی گنجائش موجود ہے۔ تقریب میں جی ایم ٹیکنیکل مظہر نوید، چیف انجینئرز معظم فضل، شاہد نعیم چیمہ، آصف ندیم سمیت گیپکو افسروں و ملازمین اور معززین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔